نوبیاہتا دلہن سفر کے دوران ٹرین سے غائب

   

پٹنہ: بہار کے کشن گنج ضلع میں ایک نوبیاہتا دلہن ٹرین سے لاپتہ ہوگئی ایک ریلوے عہدیدار نے اتوار کو یہ بات بتائی۔ کاجل کماری نامی دلہن اپنے شوہر کے ساتھ 28 جولائی کو نئی دہلی۔نیو جلپائی گوڑی سپر فاسٹ ٹرین میں ہنی مون کے سفر کے لیے دارجلنگ جا رہی تھی۔ یہ جوڑا بہار کے مظفر پور سے ٹرین میں سوار ہوا۔ لاپتہ خاتون کے شوہر نے کہاکہ ہم نے کوچ نمبر B4، سیٹ نمبر 43 اور 45 میں ریزرویشن کرایا تھا۔ جب ٹرین کشن گنج ریلوے اسٹیشن پر پہنچی تو میری بیوی بیت الخلا کے لیے گئی اور واپس نہیں آئی۔ ٹرین چلنے کے بعد میں نے ٹرین کے ہر ڈبے کو تلاش کیا لیکن وہ نہیں ملی۔ اس کے بعد میں مظفر پور واپس آیا اور جی آر پی کشن گنج کو واقعہ کے بارے میں مطلع کیا مجھے شبہ تھا کہ شاید وہ کسی نشے کے عادی گروہ کا شکار ہو گئی ہے۔ اس نے کہا کہ اس کا کسی دوسرے شخص سے کوئی ناجائز تعلق نہیں ہے۔ شکایت کے بعد جی آر پی حکام نے کشن گنج ریلوے اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کیا لیکن وہ نہیں ملی، فی الحال تلاش جاری ہے۔