نوتعمیرشدہ چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل تیز ہوا اور بارش سے متاثر

   

حیدرآباد۔4 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی وزارت ریلوے کی جانب سے نوتعمیر شدہ چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کی عمارت 15کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کی تاب نہیں لا سکی اور 2.5سینٹی میٹر ہونے والی بارش کے دوران ٹرمنل کی چھت ٹپکنے لگی۔ ہفتہ کی شب ہونے والی بارش کے نتیجہ میں چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کی چھت ہوا میں اڑگئی لیکن اس حادثہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔جاریہ سال ماہ جنوری کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے 450 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اس چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل کا افتتاح انجام دیا تھا اور اندرو 4ماہ معمولی ہوائیں اور بارش کے نتیجہ میں ٹرمنل کے باب الداخلہ پر موجود چھت ٹکڑوں میں منقسم ہوگئی اور ہوا میں اڑنے لگی ۔ ٹرمنل پر موجود عملہ نے مسافرین کو اس جگہ سے ہٹانے کے اقدامات کئے جبکہ ٹرمنل میں بارش کے نتیجہ میں چھت ٹپکنے کے نتیجہ میں مسافرین پہلے سے ہی وہاں سے ہٹنے لگے تھے ۔ جاریہ سال کے اوائل میں اس ٹرمنل کا افتتاح عمل میں لایا گیا تھا اور مرکزی وزارت ریلوے نے اس کے لئے 450کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے اس کی تعمیر کو مکمل کیا تھا۔ ٹرمنل میں ہونے والی تباہی کے سلسلہ میں استفسار پر عہدیداروں نے بتایا کہ باب الداخلہ کے اوپر لگائے گئے سولار پیانل اور چھت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ چیرالہ پلی ٹرمنل میں فراہم کی گئی عصری سہولتو ںکو کسی بھی طرح کا نقصان نہیں ہوا ہے اور مسافرین کو اپنی ٹرین پکڑنے میں بھی کسی بھی طرح کی دشواریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔3