رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا الزام ، بھونگیر میں عرس تقاریب میں شرکت
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دھوکہ دہی میں ملک میں نمبر ون ہے۔ بیروزگار نوجوانوں ، سرکاری ملازمین اور اساتذہ کے ساتھ گزشتہ 6 برسوں سے دھوکہ دہی کا رویہ اختیار کرتے ہوئے توہین کی گئی ہے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کانگریس کی کونسل الیکشن میں انتخابی مہم کے طور پر بھونگیر ضلع کا دورہ کیا ۔ انہوں نے رامننا پیٹ منڈل کی مشہور درگاہ کے عرس تقاریب میں حصہ لیا۔ وینکٹ ریڈی نے خصوصی چادر سر پر اٹھائی اور بصد و احترام خادمین کے حوالے کیا۔ اس موقع پر عوام کی خوشحالی اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے دعا کی گئی ۔ وینکٹ ریڈی نے مقامی گرایجویٹ رائے دہندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کانگریس امیدوار راملو نائک کی تائید کرنے کی اپیل کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو 7 فیصد فٹمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے رپورٹ میں دھوکہ دیا گیا ہے ۔ کے سی آر حکومت بیروزگار نوجوانوں کی زندگی سے کھلواڑ کر رہی ہے۔ تلنگانہ تحریک میں نوجوانوں سے روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن نئی ریاست میں صرف کے سی آر خاندان کی بھلائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی فکر کھائے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ مرکز اور ریاستی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوام کو چاہئے کہ کانگریس کی تائید کرتے ہوئے دونوں پارٹیوں کو سبق سکھائیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اہم شعبہ جات میں ریاست کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چار ہزار سے زائد سرکاری اسکولوں کو بند کرتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار سے محروم کردیا گیا ۔ 55,000 ٹیچرس وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے لیکن ان کی جگہ نئے تقررات نہیں کئے گئے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام کی حقیقی ہمدرد ہے ، لہذا گریجویٹ رائے دہندوں کو چاہئے کہ وہ کانگریس امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔