نوجوانوں سے دیسی اشیا استعمال کرنے مودی کی اپیل

,

   

پڈوچیری میں نیشنل یوتھ فیسٹیول کا وزیراعظم نے افتتاح کیا
نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندستان کی وسیع نوجوان آبادی اور جمہوری اقدار کو ملک کی سب سے بڑی طاقت بتاتے ہوئے نوجوان نسل پرزور دیا کہ وہ ملک میں تیارکردہ دیسی اشیا خرید نے کوترجیح دیں۔ مسٹر مودی نے بیٹے و بیٹی کے درمیان مساوات پر بولتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کی شادی کی کم ازکم عمر بڑھانے کا فیصلہ انہیں یکساںمواقع فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے ۔ مودی آج پڈوچیری میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سوامی وویکانند کے یوم پیدائش پر 25ویں قومی یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کر رہے تھے ۔ سوامی جی کے یوم پیدائش کو قومی‘ یوم نوجوان’ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک بھر سے آن لائن جڑی نوجوان نسل سے ‘‘ووکل فار لوکل’ ہونے ، ہندستان میں بنے سامانوں اور دیگر اشیاء خریدنے اوراپنی خواہش سے طرز زندگی میں تبدیلی لانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ملک میں بنی چیزیں خریدیں کیوں کہ روزگاراسی سے پیدا ہونے والا ہے ، اس سے ملک کے غریبوں کو عزت ملے گی۔ہم جانتے ہیں کہ بیٹے اور بیٹیاں ایک جیسے ہوتے ہیں۔ اسی سوچ کے ساتھ لڑکیوں کی بہتری کے لیے حکومت نے شادی کی عمر بڑھا کر 21 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بیٹیوں کو کریئر بنانے کے لیے زیادہ وقت مل سکے ۔ اس سمت میں یہ ایک بڑا فیصلہ ہے ۔افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، کھیل اور امورِ نوجوان انوراگ ٹھاکر، پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر تمل سائی سندرراجن، وزیر اعلیٰ این رنگاسوامی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔