چیف منسٹر عنقریب اسکیم کو منظوری دیں گے، چیف سکریٹری کی اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے تلنگانہ میں اِسکل ڈیولپمنٹ اور انٹر پرینور شپ پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اِسکل ڈیولپمنٹ سے متعلق اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت ظاہر کی۔ قابل اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مختلف کورسیس میں ٹریننگ اور صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں رہنمائی کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کے بعد اس سلسلہ میں ضروری احکامات جاری کئے جائیں گے۔ محکمہ جات رورل ڈیولپمنٹ، یوتھ سرویسیس، ٹیکنیکل ایجوکیشن، میڈیکل اینڈ ہیلت، ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیت اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ مختلف طبقات کیلئے جاری ٹریننگ پروگراموں کی تفصیلات بیان کیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام طبقات کے نوجوانوں کو صنعتوں کے قیام میں حکومت کی جانب سے رہنمائی اور ضروری مراعات فراہم کرنے کے حق میں ہیں۔ جائزہ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری رانی کمودنی، پرنسپل سکریٹری اروند کمار، پرنسپل سکریٹری سنیل شرما، جیش رنجن، ایس گھوش، سندیپ کمار سلطانیہ، نوین متل، سرینواس راجو، ڈاکٹر این ستیہ نارائنا، رگھونندن راؤ، راہول بوجا، مرتضیٰ علی رضوی، کے وائی نائیک، بھکشاپتی، احمد ندیم، ڈاکٹر ایس چنم ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔