نئی دہلی؍ گروگرام۔ 18 جولائی (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اس بات پر زور دیا کہ 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں نوجوانوں کو مناسب رہنمائی، تکنیکی مدد اور پالیسی سازی کی ضرورت ہے انہوں نے یہ بات آج گروگرام میں جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جے آئی ٹی او) کے زیر اہتمام ’جے آئی ٹی او یوتھ کنکلیو‘2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی برلا نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ سماج کا کوئی بھی فرد ’انتودیا‘ (آخری شخص کی ترقی) کے جذبے کو محسوس کرتے ہوئے ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں جین برادری کی کوششیں متاثر کن اور مثالی ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کے نوجوان نہ صرف تعداد میں بلکہ عزم میں بھی بہت زیادہ ہیں۔ ان میں تبدیلی کا جذبہ، مستقبل سنوارنے کی صلاحیت اور قوم کی تعمیر کا جذبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نہ صرف ملازمت کے متلاشی بلکہ روزگار پیدا کرنے والے بھی بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیا، اسکل انڈیا، میک ان انڈیا اور گرین انرجی مشن جیسی مہموں نے ان کی توانائی کو مثبت سمت دی ہے ۔