نوجوانوں پر فہرست رائے دہندگان میں نام درج

   

کرانے نائب صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کا زور
نئی دہلی 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) 9 ویں قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے آج نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کا اندراج کروائیں۔ انتخابی عمل میں عوام کی شراکت داری سے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط ہوتی ہیں۔ 2011 ء میں الیکشن کمیشن نے 25 جنوری کو قومی یوم رائے دہندگان کا آغاز کیا تھا۔ ہندوستان کے جمہوری ملک بن جانے سے ایک دن قبل 25 جنوری 1950 ء کو الیکشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ قومی یوم رائے دہندگان پر مَیں نوجوانوں سے خواہش کرتا ہوں کہ وہ اپنے نام ووٹر لسٹ میں درج کروائیں۔ عوام الناس کی بڑی تعداد کا انتخابی عمل میں حصہ لینا ضروری ہے۔ انتخابات کے دوران حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے عوام کو اس موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آج کا دن ہم عہد کریں کہ ہم اپنی جمہوریت کو مزید مضبوط بنائیں گے۔