نئی دہلی: بی جے پی ایم پی ورون گاندھی نے آج پھر ایک بار روزگار اور پرچوں کے افشاء کے معاملہ میں حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جاب کا کچھ پتہ نہیں اور اگر کچھ مواقع ہیں تو وہاں پرچوں کا افشاء ہوجاتا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے استفسار کیا کہ ہندوستان کے نوجوانوں کو کب تک صبر کرنا پڑے گا۔ لوک سبھا میں حلقہ پیلی بھیت کے نمائندہ ورون وقفہ وقفہ سے خود اپنی پارٹی زیرقیادت حکومت کی کارگزاری پر سوال اٹھاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کے احتجاج اور لکھیم پور کھیری سانحہ پر بھی تیکھے تبصرے کئے ہیں۔ ورون نے ٹویٹ کیا کہ اول تو سرکاری نوکری دستیاب نہیں اور اگر کہیں کوئی موقع نکل آتا ہے تو پیپر لیک ہوجاتا ہے ۔ اس طرح کی افسوسناک صورتحال کب تک رہے گی اور نہ جانے نوجوان کب تک صبر کریں گے ؟