متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج ، ملزمہ جیل منتقل ، عابڈس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /8 نومبر (سیاست نیوز) نوجوانوں کو دھوکہ دے کر انہیں مبینہ طور پر بلیک میل کرتے ہوئے انہیں مقدمات میں ماخوذ کروانے والی ایک لڑکی کو عابڈس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر عابڈس روی کمار کے بموجب شاداں سلطانہ نظامی ساکن ملک پیٹ نے رحیم نامی نوجوان کو مبینہ طور پر مسلسل ہراساں کیا اور اسے بلیک میل کرتے ہوئے جبراً وصولی کی کوشش کی ۔ اس ضمن میں عابڈس پولیس نے شاداں سلطانہ کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شواہد اکٹھا کرنے کے بعد آج گرفتار کرلیا گیا ۔ شاداں سلطانہ کو مقامی عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس لڑکی کی مبینہ ہراسانی کے نتیجہ میں رحیم نے اقدام خودکشی کی تھی اور خواب آور گولیاں بھاری مقدار میں کھالی تھی جس کے نتیجہ میں اسے دواخانہ عثمانیہ میں شریک کیا گیا ۔ عابڈس پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ رحیم کو دواخانہ عثمانیہ میں شریک کیا گیا تھا اور اس کا بیان ریکارڈ کرنے پر پولیس کو اس بات کا علم ہوا کہ اسے ایک لڑکی نے بلیک میل کیا ہے جس کے نتیجہ میں یہ انتہائی اقدام پر آمادہ ہوا ہے ۔ عابڈس پولیس نے شاداں سلطانہ کے خلاف تعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور دونوں کے درمیان ہوئی بات چیت کا ایک آڈیو حاصل کیا جس میں بلیک میلنگ کا پتہ لگایا ۔