حیدرآباد۔18فروری(سیاست نیوز) نوجوان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے تجارت اور دیگرمصروفیات کو اختیار کریں اور خودروزگار اسکیمات سے استفادہ کے لئے خود کو تیار رکھیں۔ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خود مکتفی بننے پر توجہ دیں۔ جناب محمد اظہر الدین ریاستی وزیر اقلیتی بہبود نے آج تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب اسکیم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتی نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے متعدد اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے جن میں سبسیڈی والی اسکیمات کے ساتھ ساتھ مختلف خود روزگار اسکیمات کے لئے تربیت کی فراہمی کی اسکیم شامل ہے۔ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ذریعہ شروع کی جانے والی ان اسکیمات کے سلسلہ میں ریاستی وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی ترقی کے لئے سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ دنوں میں ریاستی حکومت مزید بہتر اقدامات کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ جناب عبیداللہ کوتوال صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن نے اس پروگرام کے آغاز کے دوران اپنے خیر مقدمی کلمات میں تمام شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت فینانس کارپوریشن کے ذریعہ اقلیتی نوجوانوں اور خواتین کو خود مکتفی بنانے کے لئے اسکیمات کو منظوری دے رہی ہے اور اب ان اسکیمات پر عمل آوری کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور ان اسکیمات کا تسلسل جاری رہے گا۔ اس پروگرام کے دوران شہ نشین پر جناب عامر علی خان ایڈیٹر روزنامہ ’سیاست‘مشیر حکومت برائے اقلیتی ‘ ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی بہبود‘ جناب محمد علی شبیر ‘ارکان قانون ساز کونسل مسٹر پی مہندر ریڈی ‘ مسٹر ریاض الحسن آفندی ‘ مسٹر مرزا رحمت بیگ‘ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام سید افضل بیابانی خسرو پاشاہ ‘ صدرنشین لائبرریز جناب ڈاکٹر ریاض ‘ نائب صدر ٹمریز جناب فہیم قریشی ‘ سینیئر کانگریس قائدین جناب سید خواجہ ذاکر الدین ‘ جناب عثمان محمد خان‘ عثمان الہاجری ‘ جناب خالد سیف اللہ ڈی سی سی حیدرآباد، جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، محمد مرتضیٰ علی المعروف مرتضیٰ پہلوان ( راجندر نگر ) کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے شروع کی گئی اسکیمات کے تحت آج ای۔اسکوٹر ‘ موپیڈ‘ کے علاوہ خواتین میں سلائی مشین کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور دیگر اسکیمات کے لئے درخواست کے ادخال کا وزیر محمد اظہر الدین نے آغاز کیا ۔3