نوجوانوں کو روزگارکے مواقع کیلئے خصوصی اقدامات

   

ہنمکنڈہ میںجاب میلہ کا انعقاد‘رکن اسمبلی راجندرریڈی کا خطاب ‘ڈاکٹرنائنی کی ٹیم کومبارکباد

ورنگل۔23؍مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائنی راجندر ریڈی نے کہاکہ وہ ہنمکنڈہ ضلع کے بے روزگار نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے خصوصی اقدامات کریں گے۔ایم ایل اے نے آج ہنمکنڈہ کے واگدیوی کالج احاطہ میں ’ نائنی وشال ٹرسٹ ‘کے زیر اہتمام معروف FAXCONNکمپنی کی جانب سے منعقدہ جاب میلا پروگرام میں بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کیا۔انہوںنے کہاکہ عوامی حکومت میںخواتین کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔حکومت کی تشکیل کے بعد بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی جارہی ہیں اور نئی ملازمتوں کے لئے داخلہ امتحانات منعقد کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ پروگرام مقامی نوجوانوں کو غیر سرکاری ملازمتوں کے لئے روزگار کے مواقع کے فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔وشال ریڈی ٹرسٹ کے ذریعہ غیر آئی ٹی ملازمتوں کے لئے حیدر آباد میں ایک سرکردہ مینوفیکچرنگ کمپنی کے ساتھ شروع کیا گیا ہے اور جس کا مقصد بے روگار خواتین کو روزگار فراہم کرنا ہے۔انہوںنے کہاکہ آنے والے دنوں میں مزید جاب میلوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔جس میں الیکٹرانک سیکٹر میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ایم ایل اے راجندر ریڈی نے ہنمکنڈہ میں اس طرح کا پہلی مرتبہ پروگرام منعقد کرنے پر محترمہ ڈاکٹر نائنی ، گودا ریڈی وشنو وردھن ریڈی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر فاکسکان کے نمائندے آنند کمار ،پرمیش ،پارورتی ،واگدیوی کالج کے پرنسپل دیویندر ریڈی اور نوجوان خواتین نے اس پروگرام میں شرکت کی۔