نوجوانوں کو ضعیف افراد کا احترام کرنے گورنر سوندرا راجن کا مشورہ

   

سماج میں سینئر سٹیزنس کی نگہداشت ضروری، ورچیول کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد: ریاستی گورنر ٹی سوندرا راجن نے سماج میں ضعیف العمر افراد کی بہتر نگہداشت کے لئے خاندانوں کے اہم رول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سینئر سٹیزنس کے لئے کئی فلاحی اقدامات شروع کئے گئے ہیں ۔ تاہم افراد خاندان کی جانب سے ان کی بہتر صحت کو یقینی بنانے کیلئے نگہداشت ، تائید اور وابستگی کی ضرورت ہے۔ جب تک افراد خاندان کی جانب سے ضعیف العمر افراد کو بہتر نگہداشت نہیں کی جائے گی ، اس وقت تک ان کی صحت کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضعیف العمر افراد کی بہتر صحت ، حفاظت اور باوقار زندگی کو افراد خاندان یقینی بناسکتے ہیں۔ گورنر ضعیفوں کی نگہداشت کے موضوع پر ورچیول کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں جس کا اہتمام ہیلپ ایج انڈیا آرگنائزیشن نے کیا تھا۔ ضعیفوں کے عالمی دن کے موقع پر یہ کانفرنس منعقد کی گئی۔ گورنر نے خاندان میں موجود ضعیف والدین اور دیگر بزرگ افراد خاندان کے ساتھ بہتر سلوک کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بزرگوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے ان کی عزت و توقیر کریں ۔ گورنر نے کہا کہ نوجوان نسل آج جو کچھ بھی ہے ، وہ بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ میں پتہ چلا ہے کہ جس سماج میں بزرگوں کا احترام کیا گیا ، وہاں کسی ڈپریشن کے بغیر ضعیف العمر افراد زندگی بسر کر رہے ہیں۔ گورنر نے ضعیف العمر افراد کیلئے پنشن اور دیگر سہولتوں کے سلسلہ میں حکومت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سینئر سٹیزنس کے لئے آئیوشمان بھارت اسکیم کو توسیع دی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کووڈ۔19 کے دوران خاندانوں میں ضعیفوں کی بہتر نگہداشت پر زور دیا ہے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری بہبودیٔ خواتین دیویا دیوا راجن ، سابق پرنسپل سکریٹری کے دماینتی اور محمد رضا راجیشور اور دیگر افراد نے خطاب کیا۔