نوجوانوں کو فطری کھیل کی آزادی ملنی چاہئے:روہت

   

ممبئی۔27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے اوپنر روہت شرما نے کہا کہ ہوا میں شاٹس کھیلنا کوئی جرم نہیں ہے اور نوجوانوں کو اپنا فطری کھیل دکھانے کی آزادی ملنی چاہیے۔روہت نے اپنا بین الاقوامی کیریئر مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر شروع کیا لیکن وہ بعد میں محدود اوورزکے بہترین اوپنر بن گئے۔انہوں نے کہاکہ بڑے شاٹ کھیلنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ جب ہم چھوٹے تھے، تب خوب پھٹکارلگاتے تھے اور ہمیں نیٹس سے باہر کر دیا جاتا تھا کیونکہ آخر میں آپ نتیجے چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی کھلاڑی ہوائی شاٹ کھیل کر بھی آپ کو نتیجے دے رہا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ نوجوانوں کو ایسے شاٹ کھیلنے کی چاہت رہتی ہے۔ بیٹنگ کرتے وقت ہرکوئی ایسا کرنا چاہتا ہے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنا فطری کھیل دکھائے۔ روہت نے کہاکہ ہمیں اس کا خیال رکھنا ہوگا کہ یہ غلطیاں بار بار نہ ہوں۔ شاٹ کھیلنا کوئی گناہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی کھلاڑی اس ہنرکو لے کر اعتماد سے لبریز ہے تو میں اس کی حوصلہ افزائی کروں گا۔ ان نوجوانوں پر بیٹنگ پرکوئی پابندیاں نہیں ہونی چاہیے۔ انہیں کھل کر کھیلنے دینا چاہیے۔اسی طرح سے وہ نتائج دیں گے۔روہت شرما اس وقت ونڈے کے کامیاب ترین اوپنرس میں شمار کئے جاتے ہیں جن کے نام 3 ڈبل سنچریاں درج ہیں۔