دفتر سیاست میں یوم مولانا ابوالکلام آزاد ، جناب عامر علی خاں ایم ایل سی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ نومبر : ( راست ) : تلنگانہ اردو فورم و مظہر ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش تقریب کے ضمن میں روزنامہ سیاست آڈیٹوریم عابڈز پر جناب محمد اسماعیل الرب انصاری المعروف اردو انصاری کانگریس لیڈر اقلیتی ڈپارٹمنٹ کی صدارت میں مولانا ابوالکلام آزاد ڈے منایا گیا ۔ اس موقع پر مرد و خواتین ، طلباء وطالبات اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست و رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ نے کہا کہ آج نئی نسل مولانا آزاد کی حیات اور ان کے کارناموں سے ناواقف ہے جب کہ مولانا آزاد نے اپنی تمام تر زندگی اسلامی اصولوں اور اس کے قواعد و ضوابط میں گذاری ، نمازوں کے وہ بڑے پابند تھے ۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلباء پر زور دیا کہ قرآن کو اس کے معنی و مفہوم کے ساتھ پڑھیں اور نمازوں کی پابندی کو اپنے پر لازم کرلیں ۔انہوں نے کہا کہ طلباء صرف انجینئرنگ اور میڈیسن کی طرف سے اپنے رجحان کو نہ رکھے بلکہ وہ ٹکنیکی میدانوں کے ساتھ قانون ، سماجیات و معاشیات کی طرف راغب ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ایم ایل سی کے میعاد میں اردو زبان کے فروغ اور اسے ترقی دینے کے لیے حکومت کی تمام تر اسکیمات کی عمل آوری میں حصہ لیں گے ۔ ان دنوں ریاست تلنگانہ میں اردو میڈیم اسکولس کی ناگفتہ بہ حالت ہوچکی ہے ۔ جس کے لیے معیاری تعلیم و سدھار کی کوشش کی جائے گی جو لوگ خانگی اسکولس چلا رہے ہیں انہیں چاہئے کہ اپنے اسکولس میں اردو مضمون کو لازمی طور پر رکھا جائے ۔ ڈاکٹر ڈی رویندر نائیک سابق ریاستی وزیر آندھرا پردیش ، محترمہ عرشیہ ناہید کنوینر شعبہ اردو فورم برائے خواتین ، ڈاکٹر لطیفہ ، محترمہ قیصر ہاجرہ انصاری ایڈوکیٹ ، جناب ایس کے افضل الدین ، ڈاکٹر اعجاز الزماں ، شاہد صدیقی ، سید افتخار الدین سابق صدر ہاوزنگ بورڈ کالونی ، محمد ثنا اللہ خاں شریک تھے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر سیدہ طلت سلطانہ پرنسپل آرٹس کالج عثمانیہ یونیورسٹی شعبہ عربی کی خدمات پر مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ سے نوازا گیا ۔۔