نوجوانوں کو منشیات سے بچانا حکومت کا مقصد

   

Ferty9 Clinic

ریاست بھر میں پولیس اور ایکسائیز کی مہم : محمود علی
حیدرآباد۔/24اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کو ڈرگس اور نشیلی ادویات وغیرہ سے نجات دلانے کیلئے حکومت تلنگانہ تمام تر اقدامات کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اور ایکسائیز ڈپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں تاکہ ڈرگس کی فروخت اور سربراہی میں ملوث افراد کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گانجہ اور دیگر ممنوعہ نشیلی ادویات وغیرہ کی سربراہی اور فروخت روکنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر داخلہ جناب محمود علی نے کہا کہ گانجہ اور دیگر منشیات سے نوجوان نسل متاثر ہورہی ہے اور اس لعنت سے چھٹکارا دلانا حکومت کا اہم مقصد ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو چاہتے ہیں کہ ریاست تلنگانہ کو ڈرگس سے پاک بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں پولیس اور ایکسائیز کی جانب سے مشترکہ مہم کے تحت دھاوے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میں پولیس کو سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی جس کے تحت شہر میں خصوصی مہم کے تحت دھاوے کرتے ہوئے غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے منشیات کے خلاف حکومت کی مہم میں عوام سے تعاون کی اپیل کی ۔ر