نوجوانوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے ہر اسمبلی حلقہ میں مفت کوچنگ سنٹرس

   

ٹی آر ایس کی نئی حکمت عملی، تقررات سے متعلق امتحانات کی تیاری میں نوجوانوں کی مدد
حیدرآباد۔18۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی جانب سے 80 ہزار جائیدادوں پر راست تقررات کے اعلان کے بعد پارٹی ارکان اسمبلی نے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے تقررات کے امتحانات کی مفت کوچنگ کا اہتمام کیا ہے۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے ہر اسمبلی حلقہ میں کوچنگ سنٹرس قائم کرنے کا مشورہ دیا تاکہ نوجوانوں کو تقررات کے امتحانات کیلئے تیار کیا جاسکے۔ کئی ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں میں کوچنگ سنٹرس قائم کردیئے جس میں ماہر فیکلٹیز کی خدمات حاصل کی جارہی ہے۔ کوچنگ سٹرس کے قیام کے ذریعہ ٹی آر ایس چاہتی ہے کہ نوجوانوں کو پارٹی سے قریب کیا جائے۔ کئی وزراء نے اپنے حلقہ جات میں کوچنگ سنٹرس کا آغاز کیا جن میں سینکڑوں نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات کی کوچنگ دی جاسکتی ہے۔ امید ہے کہ یکم اپریل سے تمام اسمبلی حلقہ جات میں کوچنگ سنٹرس کارکرد ہوجائیں گے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے تقررات سے متعلق نوٹیفکیشن کی اجرائی کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ توقع ہے کہ پہلا اعلامیہ آئندہ ہفتہ جاری کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں بی جے پی اور کانگریس کی سرگرمیوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے برسر اقتدار پارٹی کے ارکان اپنی نشستوں کو محفوظ کرنے کی تیاری میں ہے تاکہ آئندہ انتخابات میں دوبارہ کامیاب ہوسکیں۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ بعض علاقوں میں بی جے پی اور کانگریس کی جانب سے نوجوانوں کے لئے کوچنگ سنٹرس کے قیام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ریاستی وزیر ملا ریڈی جو مختلف کالجس چلاتے ہیں، انہوں نے میڑچل اسمبلی حلقہ میں کوچنگ سنٹر کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے جس کا افتتاح وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کیا۔ کوچنگ سنٹر میں تقریباً 200 امیدواروں نے اپنے نام درج کرائے ہیں۔ دوباک اور حضور آباد کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی شکست میں نوجوانوں کا اہم رول رہا۔ لہذا پارٹی قیادت نے ارکان اسمبلی کو فری کوچنگ سنٹر کے ذریعہ نوجوانوں کی تائید حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر پی پدما راؤ نے اپنے حلقہ انتخاب سکندرآباد میں مفت کوچنگ سنٹر قائم کیا ہے۔ ر