نوجوانوں کی محنت و جفاکشی سے ہندوستان عالمی طاقت بنے گا

   


گوہاٹی میں دولت مشترکہ پارلیمانی حلقہ بندی کانفرنس سے یو پی اسمبلی اسپیکر کا خطاب

لکھنؤ: نوجوانوں کو ملک کا حال و مستقبل قرار دیتے ہوئے اترپردیش اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا نے منگل کو کہا کہ ملک کے نوجوانوں کی محنت و جفاکشی کی خوشبو پوری دنیا میں پھیلے گی اور ہندوستان اس مقام پر ہوگا جس مقام پر عالمی طاقت کا قیام ہوگا۔ آسام کی راجدھانی گوہاٹی میں منعقدہ 8ویں دولت مشترکہ پارلیمانی حلقہ بندی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہانا نے کہا کہ جس سمت میں جوانی آگے بڑھتی ہے اس طرف زمانہ چلتا ہے ۔ آج ہم سبھی کو اس سمت میں چلنے کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی کا یہ بیان کہ ہمارا ملک نوجوان طاقت کی علامت ہے ، آج کی حقیقت ہے ۔ ہندوستان کے نوجوان اپنے ہنر اور قابلیت سے نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا کو ایک نئی سمت دے رہے ہیں۔ آج ہندوستان کے نوجوان دنیا کے ان بڑے اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جن کا نام لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں لیکن اگر ہم اگلے 25 سالوں میں اپنی آزادی کی صد سالہ جشن منائیں گے تو ہمارے نوجوانوں کی لگن اور محنت کی خوشبو پوری دنیا میں محسوس ہوگی اور ہندوستان اس مقام پر ہوگا جہاں عالمی طاقت کا قیام ہو گا۔ ہندوستان کو ‘وشو گرو’ کا درجہ دلانے میں نوجوانوں کا مقام بہت اہم ہے ۔ نوجوانوں کو ملک میں مختلف اسکیموں جیسے اسٹینڈ اپ، اسٹارٹ اپ انڈیا، اٹل انوویشن مشن، پرائم منسٹر فیلوشپ وغیرہ کے ذریعے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ مہانا نے کہا کہ موجودہ دور ٹکنالوجی کا دور ہے اور مختلف شعبوں میں ٹیکنالوجی کی حیثیت کو بڑھانے کی خصوصی ضرورت ہے ۔ مصنوعی ذہانت کے بارے میں بات کرتے ہوئے مہانا نے کہا کہ ہم توانائی اور آب و ہوا کے لیے استعمال کر سکتے ہیں اور ہائی ٹیک انفراسٹرکچر میں اس کی بڑی گنجائش ہے ۔سوامی وویکانند پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری زندگی اپنے آپ بذات خود ایک طرز زندگی ہے ۔ وہ خود میں ایک ادارہ تھے ۔اورسوسال پہلے ان کے جو خیالات تھے وہ آج بھی ہم سب کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔