نوجوانوں کے مسائل پر ایجی ٹیشن کرنے کودنڈا رام کا اعلان،

   

نوجوانوں کے مسائل پر ایجی ٹیشن کرنے کودنڈا رام کا اعلان، حکومت نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا، اسمبلی کے گھیراؤ کا فیصلہ
حیدرآباد۔/28 فبروری، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کیلئے ایجی ٹیشن کا اعلان کیا۔ آج حیدرآباد میں تلنگانہ جنا سمیتی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ نوجوانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ تلنگانہ تحریک اور انتخابات کے موقع پر کے سی آر نے سرکاری محکمہ جات کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا تھا۔ نوجوانوں نے اس امید کے ساتھ تحریک میں حصہ لیا کہ انہیں نئی ریاست میں روزگار حاصل ہوگا لیکن گزشتہ 6 برسوں سے نوجوان حکومت کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کی شرح میں دن بہ دن اضافہ ہوا ہے۔ کودنڈا رام نے اعلان کیا کہ ہر گاؤں میں 10 بیروزگار افراد پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جن کے ذریعہ ریالیوں اور بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے بیروزگاروں کے مسائل کے حل کیلئے حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر دھرنا اور اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی عدم تکمیل کی صورت میں ٹی آر ایس کو عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سماج کے تمام طبقات کے ساتھ وعدہ خلافی کی ہے۔ ریاستی حکومت صرف کے سی آر فیملی اور مخصوص افراد کی بھلائی کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے طلباء و نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہوجائیں۔