نوجوان اور تعلیم یافتہ افراد ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں

   


اتم کمار ریڈی کی اپیل ، چنا ریڈی اور راملو نائک کو بی فارم کی اجر ائی
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کے کانگریسی امیدواروں ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور راملو نائک کو بی فارم حوالے کیا اور یقین ظاہر کیا کہ دونوں نشستوں پر کانگریس پارٹی کامیاب ہوگی۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر نشست کے لئے ڈاکٹر چنا ریڈی اور کھمم ، ورنگل اور نلگنڈہ نشست کیلئے راملو نائک کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ دونوں امیدواروں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتہائی قابل اور عوامی خدمات کا جذبہ رکھنے والے قائدین کو امیدوار بنایا ہے۔ ڈاکٹر چنا ریڈی اگریکلچر میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں اور وہ پانچ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔ چنا ریڈی کی دیانتداری اور عوامی خدمات کے بے داغ ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے ٹکٹ دیا ہے۔ اسی طرح راملو نائک مقبول عام جہد کار ہیں جنہوں نے قبائل کی ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کی ہے۔ راملو نائک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ٹی آر ایس کے رکن کونسل رہے ۔کے سی آر کی بدعنوانیوں اور مخالف عوام پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے عہدوںکو چھوڑ دیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نوجوانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے لیکن کے سی آر نے نوجوانوں بالخصوص بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ سرکاری ملازمین نے 40 دنوں تک عام ہڑتال کی تھی لیکن تلنگانہ ریاست میں ان کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے تعلیم یافتہ نوجوانوں اور سرکاری ملازمین سے اپیل کی کہ کانگریس کی تائید کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست سے دوچار کریں۔ کانگریس کے ارکان کونسل حکومت سے پی آر سی کی منظوری اور نئے تقررات کیلئے جدوجہد کریں گے۔ ٹی آر ایس نے 2018ء میں بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3016 روپئے الاؤنس دینے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی خفیہ مفاہمت کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔