نوجوان اور سینئرزکھلاڑیوں سے ٹیم متوازن :منز

   

بنگلور: ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی مڈ فیلڈر للیما منز کو یقین ہے کہ اولمپک کے لیے منتخب ہندوستانی ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جن کی موجودگی سے بہتر نتائج کی امید کی جاسکتی ہے۔ للیما کے بموجب ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی اہم ہوتی ہے کیوں کہ یہ مشکل لمحات میں کیم کو بہتر سمت میں گامزن کرسکتے ہیں جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کی موجودگی بھی اس لیے ضروری ہوتی ہے کہ وہ ٹیم میں ایک نیا جوش پیدا کرسکتی ہیں۔ اس وقت ہندوستانی کھلاڑیوں کا قومی کیمپ یہاں اولمپک کی تیاری کے لیے جاری ہے جس میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں دونوں کو ہی موقع دیا جارہا ہے۔ 27 سالہ مڈ فیلڈر للیما نے کہا ہے کہ کیمپ میں موجود نوجوان کھلاڑیوں میں خود کو ثابت کرنے کا جو جذبہ ہے وہ کافی بلند سطح کا ہے۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا جو امتزاج ہے وہ ٹیم کو اولمپک کی سطح پر بہتر مظاہرے فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ 2016 ریو اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے والی ٹیم اور یہاں جاری قومی کیمپ میں تیاریاں کرنے والی ٹیم کے ضمن میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے للیما نے کہا کہ بنیادی کھلاڑیوں کا ایک کور گروپ تیار کرتے ہوئے اس کے ساتھ اولمپکس سے قبل تیاری کرنے کا ایک الگ فائدہ ہوگا۔ جبکہ 2016ء میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والی بیشتر کھلاڑی اس وقت کیمپ میں موجود ہیں اور وہ ٹوکیو میں بہتر مظاہرے کے لیے پرعزم ہیں۔ یادرہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے انعقاد پر جہاں سوالیہ نشان لگا ہوا وہیں دنیا کے تقریباً ہر کونے میں کھلاڑی اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ کورونابحران میں بھی ایک امید ہے کہ حکام ٹوکیواولمپکس کو محفوظ ماحول میں مکمل کریں گے۔