نوجوان اور طلبا غصے سے پھٹ پڑینگے

   

بڑھتی بیروزگاری اور سست معیشت پر چدمبرم کا ٹوئیٹ
نئی دہلی 14 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج نریندر مودی حکومت پر ملک کی معیشت کی وجہ سے تنقید کی اور کہا کہ اگر بیروزگاری بڑھتی ہے اور آمدنی کم ہوتی ہے تو یہ خطرہ ہے کہ ملک کے نوجوان اور طلبا غصے سے پھٹ پڑیں ۔ چدمبرم نے کہا کہ آج سارا ملک مخالف شہریت قانون اور مخالف این آر سی مظاہروں میں گھر چکا ہے اور ان دونوں سے ایک واضح اور موجود خطرہ نظر آتا ہے ۔ سابق وزیر فینانس نے اپنے مسلسل ٹوئیٹس میں کہا کہ گرتی ہوئی معیشت بھی ملک کیلئے ایک سنگین خطرہ بن گئی ہے ۔ اگر بیروزگاری برقرار رہتی ہے اور اس میں اضافہ ہوتا ہے اور عوام کی آمدنی کم ہوجاتی ہے تو پھر یہ خطرہ ہے کہ ملک کے نوجوان اور طلبا غصے سے پھٹ پڑیں۔ چدمبرم نے بڑھتی ہوئی افراط زر کی شرح پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ریٹیل افراط زر کی شرح ڈسمبر 2019 میں حد سے زیادہ بڑھتے ہوئے 7.35 فیصد تک پہونچ گئی تھی جس سے آر بی آئی کو مشکلات کا سامنا بھی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ افراط زر کی شرح بڑھنے کی وجہ ہے ۔ واضح رہے کہ چدمبرم وقفہ وقفہ سے ٹوئیٹ کرکے حکومت کو نشانہ بناتے ہیں۔