سیاست میں داخلہ کے ذریعہ عوام کی خدمت کا مشورہ ۔ اے پی میں میگا پی ٹی ایم میں شرکت
حیدرآباد10جولائی(یواین آئی) سارے آندھرا پردیش کے سرکاری، امدادی اور غیر امدادی اسکولوں میں آندھرا پردیش حکومت نے مسلسل دوسرے سال بھی میگا پیرنٹ-ٹیچر میٹنگ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو اور وزیر تعلیم نارا لوکیش نے ضلع سری ستیہ سائی کے پٹاپرتی کے کوتھاچروو زیڈ پی اسکول میں پروگرام میں حصہ لیا۔پروگرام کے دوران چیف منسٹر طلبہ سے گھل مل گئے اور ان سے تعلیم، خواب، اور مستقبل کے عزائم پر بات چیت کی۔ طلبہ کی جانب سے تیار کردہ ماں کو سلام اسکیم کے پوسٹروں اور فن پاروں کا چیف منسٹر اور وزیر تعلیم نے دلچسپی سے مشاہدہ کیا۔ پروگرام کے آغاز پر این سی سی کیڈیٹس نے نائیڈو کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور اسکول کے احاطہ میں خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں، چیف منسٹر نے اسکول کے کیمپس کا جائزہ لیا اور اسے مزید خوبصورت و سہولت بخش بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ چیف منسٹر نے طلبہ کے مارکس اور حاضری کی تفصیلات ان کے والدین کو پیش کرکے کونسلنگ کی اور کہا کہ بچے مزید محنت کر کے اعلیٰ مقامات تک پہنچیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کو باہمی تعاون کے ذریعہ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ایک خاص لمحہ میں چندرابابو نائیڈو استاد کا کردار ادا کرتے ہوئے کلاس میں داخل ہوئے اور قدرتی وسائل، ان کے تحفظ اور پائیدار ترقی پر طلبہ کو سبق دیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی، بجلی، اور درخت جیسے وسائل کا دانشمندانہ استعمال ہی ہماری آئندہ نسلوں کی بھلائی کی بنیاد ہے ۔انہوں نے طلباء کو ترغیب دی کہ وہ پرانی کتابوں کو دوبارہ قابل استعمال رکھیں، نئی سوچ اپنائیں، اور اختراعی سوچ کی طرف پیش قدمی کریں۔ چیف منسٹر نے نوجوانوں کو صرف ملازمتوں تک محدود نہ رہنے ، بلکہ سیاست میں آ کر عوامی نمائندے بننے کا بھی مشورہ دیا۔ پروگرام کے اختتام پر وزیر تعلیم نارا لوکیش بھی اسکول کی بَیچ پر طلبہ کے ساتھ بیٹھ گئے اور چیف منسٹر کی طرف سے پڑھایا گیا سبق دلچسپی سے سنا، جس سے طلبہ کو ایک نیا حوصلہ ملا۔یہ میگا پی ٹی ایم پروگرام نہ صرف تعلیم میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینے میں مددگار رہا، بلکہ حکومت، اساتذہ، طلباء، اور والدین کے درمیان ایک موثر پل کے طور پر بھی کام کیا۔