تاریخی طغیانی کی یاد دہانی ، تصویری نمائش ، چیرمین فورم فار بٹر حیدرآباد کا بیان
حیدرآباد۔27ستمبر(سیاست نیوز) آصف جاہی دور حکومت میں زیر زمین ڈرنیج لائن کی تنصیب آج بھی کارکرد ہے اور آلودہ پانی کے علاوہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے بھی شہری انتظامیہ کا انحصار مذکورہ لائن پر ہے ‘ اس کے برعکس جدید دور میںبسائے گئے ہائی ٹیک سٹی میںبارش او رآلودہ پانی کی نکاسی کا موثر انتظام آج بھی ندارد ہے۔فورم فاربیٹر حیدرآباد کے چیرمن اور تلنگانہ تحریک کے جہدکار مسٹر ایم ویدا کمار نے آج یہاں موسی ندی کے کنارے ’’تاریخی طغیانی کی یاد‘‘ میں منعقدہ تصویری نمائش کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ ویدا کمار نے کہاکہ نوجوان نسل کو حیدرآباد کی تاریخ سے واقف کروانے کے لئے فورم فار بیٹر حیدرآباد کی جانب سے ہرسال ’’ تاریخی طغیانی ‘‘ کے روز اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں کیونکہ آصف جاہی دور میں دنیا کا بہترین ڈرنیج نظام ریاست حیدرآباد کا حصہ تھا۔ انہوںنے مزیدکہاکہ 111سال قبل حیدرآباد میں آئی ہولناک طغیانی کی تباہیوں کے بعد آصف جاہی حکمرانوں نے حیدرآباد میں بارش کے پانی کی نکاسی کا موثر انتظام کیا جس پر آج بھی شہری انتظامیہ کا انحصار ہے جبکہ موسی ندی جس کو آلودہ کردیاگیاہے حکومت کی جانب سے اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ موسی ندی کو ایک بہترین سیاحتی مرکز میںبھی تبدیل کیاجاسکتا ہے ۔ اگر حکومت سنجیدگی کے ساتھ اس پر کام کرتی ہے تو یقینا یہ کام بخوبی انجام دیاجاسکتا ہے۔ مسٹر ویدا کمار نے آصف جاہی حکمرانوں کی ترقی پسند سونچ کی بھی ستائش کی اور کہاکہ حیدرآباد کی ترقی میںقطب شاہی اور آصف جاہی حکمرانوں کے رول کو کبھی فراموش نہیںکیاجاسکے گا۔ مختلف اسکولوں سے آئے طلبہ اور کالج اسٹوڈنٹس کے علاوہ دیگر رضاکارانہ تنظیموں کے ذمہ داران نے بھی اس پروگرام میںحصہ لیا۔