نوجوان نسل کو سوشیل میڈیا سے دور رکھنے وزیر داخلہ محمود علی کا مشورہ

   

تعلیم میں لڑکوں سے بہتر لڑکیوں کا مظاہرہ، مسابقت کے ذریعہ ترقی یقینی

حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ہی ترقی ممکن ہے اور تعلیم کے بغیر انسان پسماندگی اور اندھیروں میں زندگی بسر کرتا ہے۔ وزیر داخلہ آج لال بہادر اسٹیڈیم میں ایشین گرامر گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کی سالانہ اسپورٹس ڈے تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام میں تعلیم کو خاص اہمیت دی گئی ہے اور قرآن مجید کی پہلی آیت جو بطور وحی نازل کی گئی اس میں تعلیم کا ذکر ہے۔ متعدد احادیث مبارکہ میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دور حاضر میں مسابقت کی اہمیت ہے اور مسابقت کے ذریعہ ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ محمود علی نے کہا کہ ملت کے نونہالوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ دینی چاہیئے تاکہ زندگیوں میں کامیابی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کا جائزہ لیں تو ترقی کرنے والے ممالک تعلیم کے میدان میں آگے ہیں۔ گویا ترقی کا دارومدار تعلیم پر منحصر ہے۔ موجودہ دور میں طالبات ہر میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں اور وہ لڑکوں کے مقابلے آگے ہیں۔ وزیر داخلہ نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور لڑکیوں کی تعلیم نظرانداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے مسلم لڑکیوں کی تعلیم کیلئے موثر قدم اٹھائے ہیں۔ 204 اقامتی اسکول قائم کئے گئے جہاں ایک لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کے دوستوں اور اطراف کے ماحول پر نظر رکھیں اور سوشیل میڈیا سے دور رکھیں کیونکہ سوشیل میڈیا کے غلط استعمال سے طلباء تعلیم میں پیچھے ہیں۔ اس موقع پر کرسپانڈنٹ محترمہ ریشماں ضمیر، مفتی محی الدین، ڈی ای او مکرم الدین اور دوسرے موجود تھے۔ر