نوجوان ٹیم میں کچھ خاص کرنے کا جذبہ، جنون اور عزم : گمبھیر

   

نئی دہلی، 12 جون (آئی اے این ایس)۔ انگلینڈ کے دورے کے آغاز سے قبل، ہندوستان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور نئے ٹسٹ کپتان شبمن گل نے ٹیم کے ساتھ ایک مختصر لیکن پْراثر خطاب کیا۔ یہ خطاب ان سینئرکھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں ہوا جو ٹسٹ فارمیٹ سے سبکدوش ہو چکے ہیں، جو ویراٹ کوہلی، روہت شرما اور روی چندرن اشون ہیں۔ جمعرات کو بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میںگمبھیر اور گل نے ٹیم کے پہلے ٹریننگ سیشن سے قبل کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اپنے خیالات اور وژن کا اظہار کیا، جو2025-27 آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے نئے سائیکل کا آغاز بھی ہے۔ گمبھیر نے سب سے پہلے نوآموزکھلاڑیوں، سائی سدھرشن اور ارشدیپ سنگھ کو خوش آمدیدکہا۔ انہوں نے کہا پہلا ٹسٹ ہمیشہ خاص ہوتا ہے، اس لیے میں سائی (سدھرشن) کو خوش آمدیدکہنا چاہتا ہوں، جنہوں نے گزشتہ تین مہینے شاندار بیٹنگ کی۔ اور ارش (ارشدیپ سنگھ)، جنہوں نے سفید گیند سے زبردست کارکردگی دکھائی، مجھے یقین ہے کہ سرخ گیند کے ساتھ بھی آپ کچھ خاص کریں گے۔ ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ موجودہ اسکواڈ میں جوش، لگن اور عزم ہے اور یہ دورہ ایک نئے عہد کا آغاز ہو سکتا ہے۔ دو طریقے ہیں اس دورے کو دیکھنے کے۔ ایک، ہم اپنے تین سب سے تجربہ کارکھلاڑیوں کے بغیر ہیں، یا دوسرا، ہمارے پاس ملک کے لیے کچھ خاص کرنے کا موقع ہے۔ جب میں اس گروپ کو دیکھتا ہوں تو مجھے جذبہ، جنون اور کامیابی کا عزم نظر آتا ہے۔ اگر ہم قربانیاں دیں، اپنے آرام دہ دائرے سے باہر نکلیں اور ہر سیشن، ہر گھنٹے، ہرگیند کے لیے لڑیں، تو یہ ایک یادگار دورہ ثابت ہو سکتا ہے۔ نئے ٹسٹ کپتان شبمن گل، جنہیں ہندوستان کا 37 واں ٹسٹ کپتان مقررکیاگیا ہے، نے کہا کہ ہر نیٹ سیشن کو بامقصد بنایا جائے تاکہ دباؤ میں کھیلنے کا طریقہ سیکھا جا سکے۔ آئیے ہر نیٹ سیشن کو بامقصد بنائیں۔ دباؤ کے ماحول میں خود کو تیار کریں۔ صرف زندہ رہنے کا نہیں بلکہ سمجھنے کا عمل ہو کہ ہم دباؤ میں کیسے کھیلیں گے، چاہے وہ بولرس ہوں یا بیٹرز۔ ہرگیند ایک مقصد کے ساتھ کھیلنی ہے، گل نے کہا۔ پانچ میچوں پر مشتمل یہ سیریز 20 جون کو لیڈز میں شروع ہوگی، دوسرا ٹسٹ برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ٹسٹ 10 جولائی سے لارڈز میں ہوگا جبکہ چوتھا اور پانچواں ٹسٹ بالترتیب اولڈ ٹریفورڈ اور دی اوول میں ہوں گے۔