نوجوان ٹینس اسٹارپاؤلینی کا نیا ریکار ڈ

   

40 سال میں روم ماسٹرس خطاب جیتنے والی پہلی اطالوی کھلاڑی

روم (اٹلی)،17 مئی (آئی اے این ایس)۔ مقامی شائقین کی پسندیدہ کھلاڑی یسمین پاؤلینی نے انٹرنازینالی بی این ایل ڈی اٹالیا میں تاریخ رقم کردی، کیونکہ 40 سال بعد پہلی بارکسی اطالوی خاتون نے ویمنز سنگلز کا خطاب جیتا ہے۔ روم میں منعقدہ فائنل میں نمبر 6 سیڈ پاؤلینی نے امریکہ کی نمبر4 سیڈکھلاڑی کورا کوک گاوف کو 6-4,6-2 سے شکست دی اور شاندار فتح حاصل کی۔پاؤلینی 1985 کے بعد اپنے ملک کے سب سے بڑے ٹینس ایونٹ کی فاتح بننے والی پہلی اطالوی خاتون بن گئی ہیں، جب رافائیلا ریجی نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ ریجی نے وہ خطاب تارانتو میں جیتا تھا، جبکہ پاؤلینی اوپن ایرا (1968 سے) میں روم میں یہ اعزاز جیتنے والی پہلی اطالوی خاتون بن گئی ہیں۔ وہ اوپن ایرا میں روم فائنل میں پہنچنے والی تیسری اطالوی خاتون بھی بن گئی ہیں۔ انہوں نے سیمی فائنل میں پٹن اسٹرنزکو 7-5، 6-1 سے شکست دی، حالانکہ وہ پہلے سیٹ میں 1-4 سے پیچھے تھیں اور دو سیٹ پوائنٹس بھی بچائے۔دو ٹاپ5 کھلاڑیوں کے درمیان فائنل مقابلے میں پاؤلینی نے صرف 1 گھنٹہ 29 منٹ میں گاوف کو شکست دے کر اپنا دوسرا ڈبلیو ٹی اے 1000 خطاب جیتا، اس سے پہلے انہوں نے 2024 دبئی میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ یہ پاؤلینی کا تیسرا ڈبلیو ٹی اے سنگلز خطاب ہے اور کلے کورٹ پر پہلاخطاب۔گاوف نے اس سے قبل پاؤلینی کے خلاف دونوں میچزجیتے تھے، لیکن وہ ہارڈ کورٹ پر تھے۔ اب پاؤلینی نے کلے کورٹ پر برتری حاصل کر لی ہے۔ پچھلے ماہ اشٹوٹگارٹ میں انہوں نے گاوف کو انڈورکلے پر شکست دی تھی، اور اب روم میں بھی وہ جیت کو دْہرا چکی ہیں۔ اب دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ریکارڈ 2-2 ہوگیا ہے۔پاؤلینی پیرکو دوبارہ اپنے کیریئر کی بلند ترین رینکنگ ورلڈ نمبر 4 پر پہنچنے والی ہیں، جس کے باعث وہ رولان گیروس (فرنچ اوپن) میں ٹاپ4 سیڈکھلاڑیوں میں شامل ہو سکتی ہیں۔ دوسری طرف، گاوف بھی پیر کو اپنی کیریئر کی بلند ترین رینکنگ نمبر 2 پر واپس آ جائیں گی۔ پاؤلینی نے اپنی ساتھی سارا ایرانئی کے ساتھ ڈبلز فائنل بھی کھیلیں گی۔