ناگپور26جولائی (یو این آئی)مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے آج ناگپور میں ودربھ ایڈونچر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ‘کھیل ایک کیریئر سیمینار’ میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کھیلوں کو محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک سنجیدہ پیشہ ورانہ انتخاب کے طور پر دیکھنا چاہئے ۔ انہوں نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ حکومت کھیل کے میدان کو ترقی دے کر اس میں معیاری تربیت اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے تاکہ ملک کو بہترین کھلاڑی میسر آئیں۔گڈکری نے کہا کہ ان کا مقصد ناگپور میں ایسے جدید اور معیاری کھیل کلب اور اسٹیڈیم قائم کرنا ہے جہاں کھو کھو، کبڈی، فٹبال، والی بال جیسے کھیلوں کی پیشہ ورانہ تربیت دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات میں 5 اسٹار سطح کی خدمات فراہم کی جائیں گی اور ان کلبوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو مزید اسٹیڈیم کی تعمیر پر صرف کیا جائے گا، تاکہ غریب طبقہ کے بچوں کو بھی کھیل کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب تک کھیل اور تربیت میں مضبوط ہم آہنگی قائم نہ ہو، ملک عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا نہیں کر سکتا۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دیں تاکہ وہ 75 یا 80 برس کی عمر تک صحت مند اور متحرک رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اختیار، طاقت اور خوبصورتی سب عارضی ہوتی ہیں، لیکن فٹنس انسان کو زندگی بھر فعال رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے ۔ امیتابھ بچن کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگ عمر کے اس حصے میں بھی توانائی اور اثر کے ساتھ سرگرم رہتے ہیں۔ گڈکری نے کہا کہ زندگی کے اچھے دنوں میں ہی صحت کا خیال رکھنا چاہئے کیونکہ برے وقت میں ساتھ دینے والا کوئی نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ناگپور میں 300 کھیل اسٹیڈیم قائم کرنا چاہتے ہیں، لیکن حکومت کے محدود وسائل کے باعث اس کے لیے متبادل طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دبئی کے ایک سرمایہ کار سے بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر اور 15 سال کے لیے اس کی دیکھ بھال کا ٹھیکہ اسے دیا جائے گا۔