چنڈی گڑھ: پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کے کابینہ میں وزراء کے اعلان کے تھوڑی دیر کے بعد پنجاب ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ سدھو نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو خط بھیج کر پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا لیکن یہ بھی کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کی خدمت کرتے رہیں گے ۔ سدھو کے اقدام نے صدر کانگریس کے بشمول گاندھی قائدین کو حیرانی میں ڈال دیا ہے۔ سدھو کے مستعفی ہونے کی خبر پھیلتے ہی سابق چیف منسٹر کیپٹن امریندر سنگھ نے ٹویٹ کیا کہ سدھو نہ تو اچھے آدمی ہیں اور نہ ہی مستحکم لیڈرہیں۔واضح رہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد سدھو کم دکھائی دے رہے تھے ۔ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وزارتوں کی تقسیم ان کی توقعات کے مطابق نہیں کی گئی ۔پنجاب کی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے والے سدھو نے سونیا گاندھی کو موسومہ خط میں کہاکہ سمجھوتہ کرنے سے انسان کے اخلاق کا زوال ہوتا ہے اور وہ پنجاب کے مستقبل اور پنجاب کی بھلائی کے ایجنڈے کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ سدھو کے استعفے کے چند گھنٹوں میں ان کی حامی وزیر رضیہ سلطانہ نے بھی استعفیٰ دیدیا۔ انہوں نے کہاکہ سدھو اصول پسند شخص ہیں، وہ پنجاب اور پنجابیت کیلئے لڑرہے ہیں۔ سلطانہ کے علاوہ دیگر دو پارٹی عہدیداروں نے بھی استعفیٰ دیا ہے۔