چندی گڑھ : پنجاب کانگریس کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ اور پھر ڈرامائی انداز میں واپس آنے والے نوجوت سنگھ سدھو جنہوں نے اب ایک نیا مطالبہ پیش کیا ہے۔سدھو نے کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے۔ نوجوت سدھو نے سونیا گاندھی کو ایک مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کابینہ میں نئے وزراء بنانے سمیت 13 نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے۔ سدھو دو دن پہلے ہی کانگریس لیڈر راہول گاندھی سے مل چکے ہیں۔ سدھو نے تب کہا تھا کہ تمام مسائل حل ہو چکے ہیں۔سدھو نے پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کے کچھ فیصلوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب کانگریس کے صدر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ تاہم چنی اور دیگر رہنماؤں کے قائل کرنے پر انہوں نے اتفاق کیا۔ امریندر سنگھ کے ساتھ ان کے اختلافات کافی مشہور تھے۔راہول گاندھی کے علاوہ سدھو نے پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے پنجاب کی اولین ترجیح سے متعلق کچھ مسائل اٹھائے ہیں۔