نوح فسادات میں جمعیت کی مدد سے چھے نوجوانوں کو ضمانت ملی

   

میوات: نوح کورٹ میں میوات فساد سے متعلق چھ افراد کی ضمانت پر سماعت ہوئی۔ ان میں سے بیواں کے رہنے والے ایک شخص پر دفعہ 302 اور 307 کا مقدمہ بھی درج ہے۔ عدالت نے پولس کے موقف کو میرٹ سے خالی بتاتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے وکیل کی معقول بحث کے بعد ضمانت منظور کرلی۔ان سبھی لوگوں کے مقدمات کی پیروی صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر وکیل ایڈوکیٹ طاہر حسین روپڑیا کر رہے ہیں۔ وکیل طاہرحسین روپڑیا نے ضلع جج سوشیل کمار کی عدالت میں کہا کہ بیواں کا رہنے والا شخص جس پر ایف آئی نمبر 399، 401 کے تحت مقدمہ درج ہے، اس پر حیرت انگیز طور پر آئی پی سی کی دفعہ 302, 307 بھی عائد کی گئی ہے، جب کہ مؤکل حادثہ کے وقت جائے واردات پر موجود نہیں تھا اور نہ اس طرح کا کئی ثبوت ہے کہ وہ اس واقعہ میں ملوث ہے واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند 150 مقدمات کی پیروی کررہی ہے، اب تک اس کی کوششوں سے 12 افراد کو ضمانت مل چکی ہے۔