تا حال 44 ایف آئی آر درج ‘139 افرادگرفتار
نوح(ہریانہ):امن اور معمول کے حالات قائم رکھنے کے لیے نوح، فریدآباد اور پلول اضلاع کے بیشتر علاقوں کے علاوہ گروگرام ضلع کے سوہنا، پٹودی اور مانیسر سب ڈویژنوں کے علاقائی دائرہ اختیار میں موبائل انٹرنیٹ خدمات 5 اگست تک معطل رہیں گی۔ ہریانہ حکومت نے جمعرات کی صبح یہ حکم جاری کیا۔ ہریانہ نے نوح تصادم کے تناظر میں حالیہ سوشل میڈیا پوسٹس کی تحقیقات کے لیے ایک 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ان ذرائع کو غلط معلومات پھیلانے، مظاہرین کے ہجوم کو منظم کرنے کے لیے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے، جو آتش زنی یا توڑ پھوڑ اور دیگر پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہو کر جانوں کا شدید نقصان اور سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔نوح میں 31 جولائی کی سہ پہر کو ضلع سے گزرنے والے ایک مذہبی جلوس پر حملے کے بعد تشدد میں دو ہوم گارڈز ہلاک اور درجنوں افراد بشمول تقریباً 20 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ ہریانہ پولیس نے اب تک نوح اور گروگرام اضلاع میں فرقہ وارانہ فسادات کے سلسلہ میں 44 ایف آئی آر درج کی ہیں اور 139 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں اضلاع میں کشیدگی برقرار ہے جہاں صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اور مرکزی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا۔۔معاملے کی جانچ کے لیے 10 خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ ایس آئی ٹی پانچ ایف آئی آر کی جانچ کرے گی۔ وہ مونو مانیسر جیسے گئو رکشکوں کے ذریعہ پوسٹ کی گئی اشتعال انگیز ویڈیوز کی بھی تحقیقات کریں گی۔ منو اور دیگر جن پر نوح کے ہجوم کو اکسانے کا الزام ہے تشدد کے بعد فرار ہیں۔