دبئی۔ دہلی کیپٹلز کے جنوبی افریقی فاسٹ بولر اینریچ نورٹجے نے آئی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔26سالہ نورٹجے نے راجستھان رائلز کیخلاف 156.22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند ڈالی جو آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے تیزترین گیند بن گئی۔ نورٹجے نے اس میچ میں33 رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دہلی نے یہ میچ 13 رنز سے جیتا جس میں وہ مین آف دی میچ رہے ۔نورٹجے نے اس کامیابی کے بارے میں کہا کہ انہیں اس وقت اس سنگ میل کے بارے میں معلوم نہیں تھا اور وہ میچ کے بعد ہی جان پائے کہ انہوں نے آئی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین گیند ڈالی ہے حالانکہ جوس بٹلر نے اس گیند پر فائن لیگ کی سمت چار رنز مارے تاہم نورٹجے نے اگلی ہی گیند پر بٹلرکو22 کے انفرادی اسکور پر بولڈکیا۔نورٹجے نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں نے 156 کلومیٹر کی رفتار سے بولنگ کی ہے ۔ یہ سن کر خوشی ہوئی۔ میں تیز بولنگ کرتے ہوئے اسٹمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ہمارے پاس اچھے کوچ ہیں اور کیگیسو ربادا اور دیگر کے ساتھ مل کر کام کرنے میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔