نوشاد صدیقی نے ترنمول ایم ایل اےشوکت کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائرکیا

   

کولکتہ: آل انڈیا سیکولر فرنٹ (اے آئی ایس ایف) کے واحد نمائندے نوشاد صدیقی نے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی شوکت مولّا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائرکردیاہے۔ شوکت مولّا نے حالیہ متنازعہ بیان میں صدیقی کو دہشت گرد قراردیا تھا۔ صدیقی بھانگر سے ایم ایل اے ہیں، جبکہ مولّا کیننگ (ایسٹ) سے رکن اسمبلی ہیں۔ دونوں حلقے جنوبی 24 پرگنہ ضلع میں آتے ہیں، جہاں دونوں پارٹیوں کے حامیوں اورکبھی کبھار حکمران جماعت کے دوگروہوں کے درمیان سیاسی جھڑپیں عام ہیں۔ یہ مقدمہ کولکتہ کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دائرکیا گیا ہے۔ مقدمے میں صدیقی کے وکیل نے دلیل دی ہے کہ مولّا کا بیان، جس میں صدیقی کو دہشت گرد کہاگیا، بے بنیاد، جانبدار اور ایک منتخب عوامی نمائندے کی شبیہ کو نقصان پہنچانے والا ہے۔ وکیل نے مزید کہا کہ ایسے ہتک آمیز بیانات نہ صرف کسی عوامی نمائندے کی ساکھ کو خراب کرتے ہیں بلکہ جمہوری نظام کی بنیاد کو بھی کمزورکرتے ہیں۔ عدالت نے درخواست کو قبول کر لیا ہے اور امکان ہے کہ مولّا کو ایک نوٹس جاری کیا جائے گا تاکہ وہ مقررہ تاریخ پر عدالت میں حاضر ہوں اور اپنا موقف پیش کریں۔