نومبر میں ٹیٹ اور فروری میں مزید ایک ڈی ایس سی کا انعقاد

   

عہدیداروں کی جانب سے حکمت عملی کو قطعیت ، تیاری کے لیے تین ماہ کی مہلت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : محکمہ تعلیم اساتذہ کی اہلیت سے متعلق (ٹیٹ ) کا انعقاد کرنے کی تیاریاں کررہا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے نومبر میں ٹیٹ کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ درخواست کے عمل کے ساتھ تین ماہ تک تیاری کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ آئندہ سال جنوری میں آن لائن امتحان کا انعقاد کیا جائے گا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت ایک اور ڈی ایس سی کا انعقاد کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ محکمہ تعلیم آئندہ سال فروری میں نوٹیفیکیشن جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جاب کیلنڈر کے مطابق پیشرفت کی جارہی ہے ۔ ریاست میں 11,060 ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کے لیے ڈی ایس سی 2023 کا عمل جاری ہے ۔ آن لائن میں امتحانات کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ محکمہ اسکولی تعلیم کے عہدیداروں نے پریلمینری کلید ( کی ) جاری کردی ہے ۔ عنقریب فائنل کلید کے ساتھ جی آر ایل جاری کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ حق تعلیم قانون کے مطابق ٹیچر اور طالب علم کا تناسب 1:30 ہونا چاہئے ۔ لیکن ریاست تلنگانہ میں یہ تناسب 1:16 ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریشنلائزیشن سے کئی جائیدادیں باقی رہ جائیں گی ۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے قبل اپنے انتخابی منشور میں جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا اور وعدے کے مطابق جاری بھی کیا ہے ۔ جس پر عمل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ آئندہ سال فروری میں ڈی ایس سی 2025 نوٹیفیکیشن دینے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ اپریل یا مئی میں امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ وزراء اور عہدیدار مزید 5000 ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کرچکے ہیں ۔۔ 2