حیدرآباد : /17 نومبر (سیاست نیوز) انٹر فرسٹ ایئر امتحانات کے نتائج جاریہ ماہ نومبر کے اواخر تک جاری ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ انٹر بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ جوابی بیاضات کی جانچ آخری مراحل میں پہونچ گئی ہے ۔ /20 نومبر تک جانچ کا کام مکمل ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ /25 اکٹوبر تا /3 نومبر تک فر سٹ ایر کے امتحانات کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ ریاست بھر میں جملہ 4.12 لاکھ طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی تھی ۔ گزشتہ سال کورونا بحران کے باعث کلاسیس پوری طرح نہیں چل پارہے تھے ۔ جس کی وجہ سے نصاب کو گھٹاکر 70 فیصد کیا گیا تھا ۔ آن لائن تعلیم میں بھی کئی مسائل پیدا ہوئے تھے ۔ جاریہ سال مارچ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا انعقاد کئے بغیر طلبہ کو سیکنڈ ایئر میں پروموٹ کردیا گیا تھا ۔ سیکنڈ ایئر میں بھی امتحانات کے انعقاد میں دشواریاں پیش آنے پر فرسٹ ایئر کے مارکس کو اہمیت دینے کیلئے عہدیداروں نے تاخیر سے انٹر فرسٹ ایئر کے امتحانات کا انعقاد کیا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ طلبہ کے امتحانی نتائج اس مرتبہ حوصلہ افزاء ہونے کے امکانات ہیں ۔ ن