نومنتخب رکن پارلیمنٹ ملو روی کی ملکارجن کھرگے اور کے سی وینو گوپال سے ملاقات

   

کانگریس کی کامیابی میں اقلیتوں اور کمزور طبقات کا اہم رول، سی پی آئی قائدین سے ملاقات

حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) لوک سبھا حلقہ ناگر کرنول سے منتخب کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی نے نئی دہلی میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ملو روی نے لوک سبھا چناؤ کے لئے ٹکٹ الاٹ کرنے پر ملکارجن کھرگے سے اظہار تشکر کیا۔ صدر کانگریس نے تلنگانہ میں لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کے مظاہرہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ ملو روی نے بتایا کہ بی جے پی کو 8 حلقوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور بی آر ایس نے کھل کر بی جے پی کی مدد کی۔ 7 لوک سبھا حلقوں میں بی آر ایس امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچ سکی۔ کانگریس کو کامیابی سے روکنے کے لئے بی آر ایس قیادت نے اپنا ووٹ بینک بی جے پی کو منتقل کردیا۔ ملو روی نے بتایا کہ ایس سی، ایس ٹی کی محفوظ نشستوں میں 3 حلقوں پر کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں نے کانگریس پارٹی کی کھل کر تائید کی ہے۔ ڈاکٹر ملو روی نے کے سی وینو گوپال کو ریاست کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سے واقف کرایا۔ اِسی دوران سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈی راجہ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا شیوا راؤ، اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن ردرا راجو نے نئی دہلی کے تلنگانہ بھون پہونچ کر ڈاکٹر ملو روی کو مبارکباد پیش کی۔ 1