نانی کی شکایت پر ونستھلی پورم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) ونستھلی پورم پولیس نے نومولود کو فروخت کرنے والے ایک جوڑے اور خریدار بہنوں کے علاوہ آشا ورکر کو گرفتار کرلیا اور اس تین دن کی لڑکی کو چائیلڈ ویلفیر عہدیداروں کے سپرد کردیا۔ اس افسوسناک واقعہ کا انکشاف اس وقت ہوا جب نومولود کی نانی نے پولیس سے شکایت کردی۔ بیٹی کو لڑکی کی پیدائش پر خوشی خوشی ہاسپٹل پہنچنے والی خاتون راجیشوری کو اس بات کا پتہ چلا کہ اس کی بیٹی اور داماد نے نومولود کو فروخت کردیا۔ صدمہ کا شکار خاتون نے اپنے طور پر تحقیق کی اور جیسے ہی اس بچی کی فروخت کی اس خاتون کو تصدیق ہوئی اس نے بیٹی داماد سے وضاحت نہیں کی بلکہ سیدھے پولیس اسٹیشن کا رخ کرتے ہوئے شکایت کردی۔ خاتون کی شکایت کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے 5 افراد بشمول چار خواتین کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس ونستھلی پورم پرشوتم ریڈی نے بتایا کہ تین دن کی مولود بچی کو 80 ہزار روپئے میں فروخت کیا گیا۔ درگا پریہ اور سرینواس شوہر بیوی جن کا تعلق آندھرا پردیش کے ایلور سے ہے کملا نگر کالونی میں رہتے ہیں۔ گاندھی ہاسپٹل میں درگا پریہ نے تین دن قبل ایک لڑکی کو جنم دیا۔ اس لڑکی کی فروخت کی تمام تر کارروائی آشا ورکر باشماں نے انجام دی۔ کویتا نامی خاتون کو کوئی اولاد نہیں ہے اس کی بہن دھنماں نے آشا ورکر سے رابطہ کیا اور بہن کے لئے اولادکی خاطر بچی کو خریدنے کی سازش تیار کی۔ اس دوران ان کا سامنا درگا پریہ اور سرینواس سے ہوا۔ پولیس نے بچی کی خرید و فروخت کرنے اور درمیانی رول ادا کرنے والوں کو گرفتار کرلیا۔ ع