جناب زاہد علی خاں اور جناب افتخار حسین نے ملت میں انقلاب برپا کیا
فیض عام ٹرسٹ کے استفادہ کنندگان طلبہ کا خصوصی اجلاس ، ممتاز شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : نونہالان ملت میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے صرف ان کی بہتر رہنمائی درکار ہے ۔ اگر ان کی بہتر انداز میں رہنمائی کی جائے تو یقینا وہ نہ صرف ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے بلکہ ملت کی بھی ترقی و خوشحالی یقینی بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے اس کے ہیڈ کوارٹر واقع بشیر الدین بابو خاں اسٹیٹ میں منعقدہ باہمی رابطہ اجلاس سے خطاب میں سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، ٹرسٹی سراج احمد طاہر ٹرسٹی جناب رضوان حیدر ، علی حیدر عامر رکن مجلس عاملہ میر حیدر علی رکن مجلس عاملہ و دیگر نے کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے فیض عام ٹرسٹ سے استفادہ کرنے والے طلباء و طالبات میں سے 37 کو تہنیت پیش کی گئی۔ جن میں ڈاکٹرس ، انجینئرس ، سی ایز ، ایم بی ایز اور ہوٹل مینجمنٹ جیسے باوقار اور روزگار سے مربوط ڈگری ہولڈرس شامل ہیں ۔ واضح رہے کہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے سیاست ملت فنڈ اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے ملت کے ہونہار و ذہین طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ ان کے خاندانوں کی بھر پور مالی مدد کرتے ہوئے معاشرہ میں اور طلباء وطالبات کی زندگیوں میں ایک انقلاب برپا کردیا ۔ اپنی طرز کے اس منفرد اجلاس میں جناب حامد علی ، معین الدین احمد (روٹری کلب ) ، محترمہ شہناز ، جناب محسن باقر ، جناب خلیل احمد ( خلیل واچ کمپنی ) ، محترمہ رابعہ خاتون ، محترمہ نسیم خاتون ، قاری صدیق حسین اور جناب عبدالوحید ( روٹری کلب ) موجود تھے ۔ جناب سراج احمد طاہر ، جناب عبدالوحید و دیگر ممتاز شخصیتوں نے سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ افتخار حسین جیسی شخصیتیں نعمت غیر مترقبہ ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو ملک و ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق ملک و ملت کی خدمت کے اس سفر میں انہیں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں جیسے ہمدردانِ ملت کا ساتھ حاصل ہے چنانچہ سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے ملت میں اپنے فلاحی و خیراتی کاموں کے ذریعہ ایک انقلاب برپا کردیا ۔ دونوں اداروں نے فرقہ وارانہ فسادات سے لے کر آفات سماوی کے متاثرین کی مدد میں بھی کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔۔