نونیت رانا اور شوہر روی رانا 14 دن کی عدالتی تحویل میں

,

   

ممبئی: امراوتی کی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر اور ایم ایل اے روی رانا کو عدالت نے 14 دن کیلئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے پولیس حراست کی مانگ کی گئی تھی جسے باندرہ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے مسترد کر دیا۔ عدالت نے دونوں فریقین سے کہا ہے کہ وہ 27 اپریل تک اپنے جواب عدالت میں داخل کریں ۔ اس کیس کی اگلی سماعت اب 29 اپریل کو ہوگی۔اس سے قبل ممبئی پولیس نے درج کی گئی ایف آئی آر میں سرکاری ملازم کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے مجرمانہ طاقت کے استعمال سے متعلق دفعہ 353 بھی شامل کی ہے۔ واضح رہے کہ پولیس نے نونیت رانا اور ان کے شوہر کے خلاف بغاوت سے متعلق ایک دفعہ بھی لگائی ہے۔قابل ذکر کہ ہفتہ کو رانا جوڑے کی طرف سے پیش ہوئے سینئر ایڈوکیٹ رضوان مرچنٹ نے میڈیا والوں کو بتایا کہ ایم پی نونیت رانا اور ایم ایل اے روی رانا کی گرفتاری غیر قانونی اور غیر آئینی ہے کیونکہ دونوں سرکاری ملازم ہیں انہیں گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر سے اجازت لینی چاہئے تھی لیکن کوئی اجازت نہیں لی گئی۔ لیکن دونوں رہنماؤں کو عدالت نے ضمانت نہیں دی۔