اسٹامپ ڈیوٹی حاصل کرکے تصدیق کی جائے گی، آن لائن ای رجسٹریشن کی تجویز
حیدرآباد ۔21 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نوٹری کی ہوئی غیر رجسٹریشن دستاویزات کے خلاف خصوصی مہم چلانے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ غیر رجسٹرڈ دستاویزات پر اسٹامپ لگائی جائے گی اور ان دستاویزات کی تصدیق (ویلڈیٹ) کی جائے گی۔ اس کارروائی کے ذریعہ حکومت تصدیق شدہ دستاویزات سے آمدنی کے ساتھ ساتھ عدالتوں میں انہیں کارآمد بنانے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔ فروخت کا معاہدہ ، سیل ڈیڈ کے ساتھ دیگر شواہد کو نوٹری کیا جاتا ہے۔ اس طرح نوٹری کی ہوئی غیر رجسٹرڈ لاکھوں دستاویزات ہیں۔ نوٹری دستاویزات کے خلاف ایک خصوصی مہم چلانے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ جس طرح ٹریفک چالانات کیلئے مہم چلائی جاتی ہے اس مہم کے دوران غیرمجاز دستاویزات کو بھی باقاعدہ بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔ حال ہی میں ریاست کے عہدیداروں کا ایک وفد مہاراشٹرا پہنچ کر وہاں کے اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن نظام کا مطالعہ کیا ہے۔ اس کی بنیاد پر تلنگانہ میں بھی تبدیلیاں کرنے کی عہدیداروں نے رپورٹ پیش کی ہے جس میں بتایا گیا ہیکہ مہاراشٹرا کے طرز پر اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے تحت لیز اور کرایوں کے معاہدوں کی ای رجسٹریشن، خریدوفروخت اور دیگر معاہدوں سے متعلق ای رجسٹریشن کو متعارف کرانے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ اس کیلئے خصوصی آپشن فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایسا کرنے سے حکومت کو آمدنی کے ساتھ صارفین کو ایک بااختیار دستاویز فراہم کرنے کی توقع کی جارہی ہے، جس کے نتیجہ میں معاہدے کے فریقین میں کسی قسم کے جھگڑے و تنازعات حل کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس طرح کے معاہدوں کے علاوہ فلمی ہیروز اور فنکار بھی مختلف کمپنیوں کے ساتھ اشتہاری معاہدوں کو بھی اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے ویب سائیٹ کے ذریعہ درخواست دینے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ ابھی تک سیل، گفٹ، رہن، ترقی لیز کے معاہدوں سے اسٹامپ ڈیوٹی سے تقریباً 70 فیصد آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ پاس بکس کاپی رائیٹس، اشتہارات، فلمی اداروں کے معاہدے، کارپوریٹ اشتہارات، رئیل اسٹیٹ اشتہارات کے معاہدے ابھی تک غیرقانونی انداز میں کئے جاتے ہیں۔ ان میں سے کوئی بھی اسٹامپ ڈیوٹی کی صورت میں حکومت کو کوئی آمدنی نہیں پہنچاتے۔ انہیں بھی حکومت کے آمدنی کا حصہ بنانے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔2