نوٹوں پر ’ اللہ‘ اور ’عیسیٰ‘ بھی لکھو، کجریوال پر کانگریس کا طنز

   

نئی دہلی : گجرات انتخابات سے عین قبل اروند کجریوال نے ایک نیاتنازعہ چھیڑ دیا۔ کرنسی نوٹوں پر ہندوؤں کے دیومالائی عقائد کے مطابق گنیش اور لکشمی کی تصویر لگانے کے مطالبے پر بی جے پی کے بعد اب کانگریس نے بھی چیف منسٹر دہلی پر طنز کیا ہے۔جہاں بی جے پی نے کجریوال کے بیان کو یو ٹرن کی انتہا قرار دیا ہے وہیں اب کانگریس لیڈر سلمان سوز نے کہا ہے کہ اگر نوٹوں پر بھگوان گنیش اور ماتا لکشمی کو شامل کرنے سے خوشحالی آسکتی ہے تو اس میں اللہ، عیسیٰ، گرو نانک وغیرہ جیسے الفاظ بھی شامل ہونے چاہئیں۔اس کے علاوہ کانگریس لیڈر سندیپ دکشت نے بھی کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس لیے انہیں بی جے پی اور آر ایس ایس کی بی ٹیم کہا جاتا ہے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ کجریوال کی یہ ووٹ کی سیاست ہے۔ اگر وہ ووٹ لینے پاکستان جائے تو یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ میں پاکستانی ہوں، اس لیے
مجھے ووٹ دیں۔ دراصل کجریوال نے کہا تھا کہ اگر ہمارے کرنسی نوٹوں میں گنیش اور لکشمی کی تصویر ہوتو ہمارا ملک ترقی کرے گا۔کیونکہ اس سے دیوی دیوتاؤں کا ’’آشیرواد‘‘ ملتا ہے۔کجریوال نے مزید کہا کہ اس معاملہ پر وزیراعظم کو ایک دو روز میں خط لکھوں گا۔