نوٹیفیکیشن کے باوجود پاکستانی شہری سمیت 10 افراد گوانتاناموبے سے رہائی کے منتظر

   

واشنگٹن: گوانتاناموبے میں باقی رہ جانے والے 39 قیدیوں میں سے 10 افراد نوٹیفیکیشن کے باوجود رہا ئی منتظر ہیں۔امریکی حکام نے یہ بات صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتائی اور کہا کہ اس فہرست میں ایک پاکستانی شہری سیف اللہ پراچا بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 73 سالہ سیف اللہ پراچا گزشتہ 16 برس سے کوئی جرم ثابت ہوئے بغیر کیوبا میں قائم امریکی جیل میں قید ہیں۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق سیف اللہ پراچا پر پر القاعدہ سے تعلقات کا الزام تھا اور رواں برس مئی میں ان کی رہائی کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ امریکی حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ گوانتاناموبے میں بقیہ 39 قیدیوں میں سے 10 رہا کیے جانے کے اہل ہیں جبکہ 17 ممکنہ رہائی کے لیے نظرِ ثانی کے اہل ہیں ۔
‘۔عہدیدار نے کہا کہ ‘مزید 10 قیدی، نظربند افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے استعمال ہونے والے فوجی کمیشن کے عمل میں شامل ہیں جبکہ 2 کو سزا سنائی گئی ہے ‘۔
امریکی صدر جو بائیڈن کے منصب سنبھالنے کے وقت اس جیل میں 40 قیدی موجود تھے اور پیر کے روز مراکش کے ایک قیدی کی رہائی کے بعد قیدیوں کی تعداد کم ہو کر 39 رہ گئی تھی۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پیر کو بائیڈن انتظامیہ نے پہلی مرتبہ ایک قیدی کو اس کے آبائی ملک منتقل کیا۔اخبار نے لکھا کہ ‘یہ ٹرمپ کی صدارت کی پالیسی سے مختلف ہے جو مراکشی شخص کو رہائی کی سفارش کے کئی برس بعد واپس لے آئی تھی’۔عبدالطیف نصیر کو پیر کو ان کے وطن واپس بھیجا گیا جنہیں جولائی 2016 میں ایک نظرِ ثانی بورڈ نے کلیئر قرار دے دیا تھا۔
چین میں فیکٹری میں دھماکہ
بیجنگ: منگل کے روز چین کے صوبے ہینان میں ایک فیکٹری میں زبردست دھماکہ ہوا۔ چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ یہ دھماکہ ڈینگفینگ شہر میں واقع ایک فیکٹری میں ہوا۔ حادثے کے مقام پر ہنگامی خدمات اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا ہے ، حالانکہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا تھا کہ دھماکہ کافی طاقتور تھا۔ دھماکے کے بعد آسمان میں دھوئیں کا ایک غبار نظر آرہا تھا۔ جان و مال کے نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے ۔