نوٹ برائے ووٹ کیس : ریونت ریڈی کا ای ڈی میں بیان قلمبند

,

   

میںنے ایجنسی کے تمام سوالات کے جواب دئے ۔ حکومت پر سیاسی انتقام لینے کا الزام
حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں کانگریس کے لیڈر ریونت ریڈی نے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ حکام کے روبرو پیش ہوئے اور اُنھوں نے اپنا بیان قلمبند کروایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی کو ای ڈی حکام نے نوٹ برائے ووٹ کے سلسلہ میں رقمی لین دین کے پس منظر میں اُن سے کئی سوالات کئے۔ ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے بعد ریونت ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ قانون کا احترام کرنے والے شہری ہیں اور اُنھوں نے تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے کئے گئے تمام سوالوں کے جوابات دیئے۔ اُنھوں نے کہاکہ ای ڈی حکام اُن سے مزید تفتیش کرنا چاہتے ہیں اور اِس ضمن میں وہ کل دوبارہ تحقیقات کے لئے حاضر ہوں گے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ حکومت اُنھیں نشانہ بنانے کے لئے اِس کیس میں ماخوذ کیا ہے اور انتقامی کارروائی کے طور پر اُن کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں ہراساں کرنے کے لئے ریاستی اور مرکزی حکومت دونوں ساتھ ہے۔ گزشتہ قانون ساز کونسل انتخابات کے دوران درج کئے گئے اِس مقدمہ کے سلسلہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے پہلے ہی مقدمہ درج کیا تھا لیکن اُنھیں شخصی طور پر نشانہ بنانے کے لئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا استعمال کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ اِس کیس کی تحقیقات کے طور پر ای ڈی حکام نے تلگودیشم کے لیڈر وی نریندر ریڈی اور اُن کے بیٹے سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔ 30 مئی 2015 ء کو درج کئے گئے اِس مقدمہ کی تحقیقات اینٹی کرپشن بیورو بھی کرچکا ہے۔