نوٹ بندی اور جی ایس ٹی غریبوں و مزدوروں کو ختم کرنے کا ہتھیار

,

   

ملک میں آر ایس ایس اور انڈیا اتحاد کے نظریات کی لڑائی ۔ جمشید پور میں قائد اپوزیشن کا انتخابی ریلی سے خطاب
اذان کیلئے تقریر روک دی

جمشیدپور : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی اس کی پالیسیاں در اصل کسانوں ‘ مزدوروں اور ملک کے غریبوں کو ہلاک کردینے والی ہیں۔ راہول گاندھی نے دعوی کیا کہ ہندوستان میں بی جے پی آر ایس ایس اور انڈیا اتحاد کے نظریات کے درمیان جنگ ہے ۔ بی جے پی ۔ آر ایس ایس کا نظریہ نفرت کا ہے جبکہ انڈیا اتحاد محبت کے نظریہ پر کام کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی در اصل تشدد اور اتحاد کے درمیان لڑائی ہے ۔ راہول گاندھی نے جمشید پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی پالیسیاں ملک میں بیروزگاری میں اضافہ کیلئے ذمہ دار ہیں۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی در اصل غریبوں ‘ کسانوں اور مزدوروں کو ختم کرنے کا ہتھیار ہیں۔ راہول گاندھی نے اذان کیلئے درمیان میں اپنی تقریر روک دی جب جھارکھنڈ کے وزیر صحت بننا گپتا نے انہیں اذان شروع ہونے سے واقف کروایا ۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ۔ آر ایس ایس ملک کو ذات پات ‘ مذہب اور زبان کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سیاست کر رہی ہیں جبکہ کانگریس دستور ہند کا تحفظ کرنا چاہتی ہے ۔ بی جے پی آر ایس ایس دستور کو تباہ کرنے کے در پہ ہیں۔ کانگریس لیڈر نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سرمایہ داروں کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا جو بھاری رقومات بیرون ملک لگا رہے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انڈیا اتحاد مودی کو شکست دے گا اور عوام کی بہتری اور بھلائی کیلئے کام کرے گا ۔