نوٹ بندی دنیا کی سب سے بڑی بدعنوانی: اکھلیش

   

مودی کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا، نہ بدعنوانی کم ہوئی نہ دہشت گردی، ایس پی صدر کی پریس کانفرنس

لکھنؤ: نوٹ بندی کو دنیا کا سب سے بڑا گھپلہ قرار دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو کہا کہ ملک میں 15 کروڑ روپئے کے فراڈ اور نقصان کی بھرپائی کے لئے بی جے پی حکومت نے سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت نوٹ بندی کا فیصلہ کیا تھا۔ پارٹی دفتر میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ نوٹ بندی سے بدعنوانی و دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔ مہنگائی کم ہوگی۔ لیکن ان کا دعوی جھوٹا ثابت ہوا۔ نوٹ بندی کے بعد بھی نا بدعنوانی کم ہوئی۔ نا مہنگائی پر کنٹرول ہوا اور نا دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔ آج ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی شباب پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعداد کے مطابق آج بھی ملک میں 33لاکھ کروڑ کیش مارکیٹ میں ہے ۔ آج بھی زیادہ تر لوگ ڈیجیٹل کے بجائے کیش میں ہی لین دین کررہے ہیں۔ زمیوں اور اہم چیزوں کی خریداری کیش میں ہورہی ہے ۔ سبھی نے دیکھا کہ زمینوں کی رجسٹری اور خرید میں بڑے پیمانے پر کیش میں لین دین ہوا اور بدعنوانی ہوئی۔ اجودھیا میں جو زمینوں کی رجسٹری ہوئی ان میں بی جے پی کے لوگ شامل رہے ۔ یادو نے ڈائل 112 ریسپانس سسٹم میں کام کرنے والی خاتون ملازمین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے پہلے ہی دن ہم اس مطالبے کو اٹھائیں گے ۔ بی جے پی حکومت بے حس ہے ۔ وہ غریبی کا فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ ڈائل 112 میں کام کرنے والی خواتین کو نوکری سے نکالنے کی دھمکی دے رہی ہے ۔ تیوہار کے دن بہن ۔بیٹیوں کی ہراسانی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا‘ ہم ڈائل 112 میں کام کرنے والی خواتین کو تیقن دلاتے ہیں کہ سماج وادی حکومت بننے پر ان کا جتنا مطالبہ ہے اس کا دوگنا بڑھا دیں گے ۔ اگر ان کی تین ہزار ہے تو ہم دوگنا چھ ہزار روپئے بڑھا دیں گے ۔ یادو نے کہا کہ ایس پی حکومت نے ڈائل 100سسٹم اس وقت بنایا تھا جب پولیس کے پاس گاڑیاں نہیں ہوتی تھیں۔ آنے جانے کے لئے پٹرول۔ڈیزل نہیں ملتا تھا۔ ایسے وقت میں بہترین ریسپانس سسٹم بنا کر پولیس کو سہولیت دی تھی۔ بی جے پی حکومت نے ڈائل 100 پولیس سروس کو 112 بناکر برباد کردیا۔ آج پولیس سب سے بدعنوانی ہوچکی ہے ۔ ہر تھانہ بکا ہوا ہے ۔ بی جے پی حکومت پوری ریاست میں دیوریا جیسے واقعات کرانا چاہتی ہے ۔