نوٹ پر گنیش کی تصویر لگانے کجریوال کے مطالبہ پربی جے پی کااحتجاج

   

نئی دہلی : عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے چہارشنبہ کو کہا کہ جب سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے ہندوستان میں ایک طرف مہاتما گاندھی اور دوسری طرف لکشمی گنیش جی کی تصویر لگانے کا مطالبہ کیا ہے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اس کی مخالفت میں اتر آئی ہے۔عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ مسٹر کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی اور حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ بھگوان گنیش اور ماتا لکشمی کی تصاویر، جو خوشی اور خوشحالی کے دیوتا ہیں، نئی کرنسی میں چھاپی جائے ۔ مہاتما گاندھی کی تصویر ایک طرف اور لکشمی جی اور گنیش جی کی تصویر دوسری طرف ہونی چاہئے ۔ اس کے پیچھے مقصد یہ ہے کہ ملک کی خوشی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دیوتاؤں کا آشیرواد حاصل کیا جائے ۔ آج ہندوستانی معیشت سنگین بحران کے دور سے گزر رہی ہے ۔ تعلیم ، صحت ، بجلی ، پانی سمیت تمام کوششیں کرنی ہیں اور ملک کو مہنگائی سے بچانا ہے ۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ دیوتاؤں کا آشیرواد بھی ضروری ہے ۔ انڈونیشیا جیسے ممالک جہاں 85 فیصد مسلم آبادی ہے ، ان کی کرنسی پر بھگوان گنیش کی تصویر ہے ۔