نوگورنوکوراباخ : متنازعہ علاقہ نوگورنوکوراباخ میں باردوی سرنگ کے دھماکہ میں ایک کار میں سوار 4 آذری شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔ آذر بائیجان کے پراسیکیوٹر جنرل نے کہا ہے کہ دھماکے کا سبب بارودی سرنگ آرمینیائی فوج نے علاقے سے پسپا ہوتے ہوئے بچھائی تھی۔پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ ضلع فضولی میں واقع ایک گاؤں میں پیش آیاہے۔ بارودی سرنگ ٹینک شکن تھی۔ اس نے واقعہ کو آرمینیا کی نئی قسم کی اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔ضلع فضولی ایران کی سرحد کے ساتھ واقع ہے۔ یہ ان اضلاع میں شامل ہے جن پر 1990ء کے عشرے میں لڑی گئی جنگ میں آرمینیائی جنگجوؤں نے قبضہ کر لیا تھا ۔ انھوں نے مزید علاقوں پر کنٹرول کے بعد ناگورنو کوراباخ کی آزادی کا اعلان کردیا تھا۔آذربائیجان کی فورسز نے آرمینیائی فوج کے خلاف حالیہ لڑائی میں ضلع فضولی پر دوبارہ قبضہ کرلیا تھا ۔ آذری فوج اور آرمینیا کے درمیان یہ لڑائی ستمبر کے آخر میں شروع ہوئی تھی اور یہ چھے ہفتے تک جاری رہی تھی۔اس میں چار ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔