نوہیرا شیخ کی 19.64 کروڑ کی ضبط شدہ جائیداد نیلام

   

حیدرآباد21 نومبر (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے حیدرآباد زونل آفس نے ہیرہ گروپ کی بانی و ڈائریکٹر نوہیرا شیخ سے منسوب ایک ضبط شدہ جائیداد کو 19.64 کروڑ روپے میں نیلام کردیا۔ جائیداد کی رجسٹریشن 21 نومبر 2025 کو سب رجسٹرار آفس میں خریدار کے نام مکمل کرلی گئی۔ مذکورہ جائیداد 16 اگست 2019 کے عبوری تحویل آرڈر کے تحت قرق کی گئی تھی۔ای ڈی کی کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام سے متعلق قانون (PMLA 2002) کے تحت جاری تحقیقات کا حصہ ہے۔ تلنگانہ، آندھرا پردیش، کیرالہ سمیت مختلف ریاستوں میں درج کئی ایف آئی آرز کی بنیاد پر کی جانے والی تفتیش سے پتہ چلا کہ نوہیرا شیخ اور اْن کے ساتھیوں نے 36 فیصد تک سالانہ منافع کا وعدہ کرتے ہوئے عوام سے تقریباً 5,978 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری جمع کی تھی، لیکن رقم واپس نہ کرکے سرمایہ کاروں کو دھوکہ دیا۔تحقیقات کے مطابق نوہیرا شیخ نے جمع شدہ غیر قانونی رقوم کا بڑا حصہ اپنے نام، کمپنیوں کے نام اور رشتہ داروں کے نام پر جائیدادیں خریدنے میں استعمال کیا۔ اب تک تقریباً 428 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ای ڈی منجمد کرچکی ہے، اور اس سلسلے میں اصل و ضمنی چارج شیٹس خصوصی پی ایم ایل اے کورٹ، حیدرآباد میں داخل کی گئی ہیں۔سپریم کورٹ میں جاری مقدمات کے دوران ای ڈی نے درخواست دی تھی کہ ضبط شدہ جائیدادوں کو نیلام کرکے حاصل ہونے والی رقم متاثرہ سرمایہ کاروں کو واپس دلائی جائے۔ عدالت عظمیٰ کی اجازت کے بعد کئی جائیدادوں کو ایم ایس ٹی سی کے ذریعہ نیلامی کے لئے پیش کیا گیا۔ای ڈی کے مطابق اب تک 25 کروڑ روپے نیلامی سے وصول ہوچکے ہیں، جبکہ کامیاب بولی دہندگان سے 68.63 کروڑ روپے مزید جمع ہونے کی توقع ہے۔ مجموعی طور پر اب تک نیلام کردہ جائیدادوں کی مالیت 93.63 کروڑ روپے بنتی ہے، اور آنے والے دنوں میں مزید ضبط شدہ اثاثے نیلامی کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ (ش)