اوڈیشہ میں خواتین کے کھاتے میں ہر ماہ 2 ہزار ، بیروزگاروں کو 3 ہزار اور 200 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ
بیجو جنتا دل اور بی جے پی میں سازباز کا الزام‘ اوڈیشہ میں راہول گاندھی کا ریالی سے خطاب
بھونیشور: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے اتوار کو اوڈیشہ میں انتخابی تشہیر کرتے ہوئے نوین پٹنائک کی قیادت والی حکومت اور بی جے پی پر ذاتی مفاد ات کیلئے عوام کو بے وقوف بنانے ایک دوسرے سے ساز باز کرنے کا الزام عائد کیا۔راہول گاندھی نے کہا کہ برسراقتدار بی جے ڈی نے حزب اختلاف کی جماعت بی جے پی سے خفیہ سمجھوتہ کیا ہے اور دونوں کا مقصد صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانا ہے۔کیسالے پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ نوین پٹنائک حکومت نے بی جے پی کے ساتھ ساز باز کر کے مختلف شعبوں میں ریاست کے وسائل کی لوٹ کی راہ ہموار کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس ریاست میں اقتدار میں آتی ہے تو لوٹی گئی دولت ریاست کے عوام کو واپس کر دی جائے گی۔لوگوں کے جوش و خروش اور بھرپور حمایت کے درمیان راہول گاندھی نے کہا کہ اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک چنندہ لوگوں کیلئے حکومت چلا رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی ارب پتیوں کیلئے حکومت چلا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ریاست کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک ہیں لیکن ریاستی حکومت ان کے معاون وی کے پانڈین چلا رہے ہیں۔اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ پر طنز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ دہلی کے انکل جی (وزیر اعظم مودی) اور نوین پٹنائک نے اوڈیشہ کے لوگوں کو پان (پانڈین، امیت شاہ، نریندر مودی اور نوین پٹنائک) کی پیشکش کی ہے۔راہول گاندھی نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر کانگریس ریاست میں اقتدار میں آئی تو خواتین کے بینک کھاتے میں ہر ماہ 2 ہزار روپے جمع کئے جائیں گے، بے روزگار نوجوانوں کے کھاتے میں 3 ہزار روپے جمع کئے جائیں گے اور 200 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ عوام کو 500 روپے میں سلنڈر دیا جائے گا۔انہوں نے کانگریس پارٹی کی نیائے اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں واپسی کرتی ہے تو اس سے عام لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔راہول گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی نے 22 ارب پتیوں کو 16 لاکھ کروڑ روپے دئے۔ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو ہم تمام غریب کنبوں کی فہرست تیار کریں گے اور ہر ایک خاندان سے ایک خاتون رکن کا انتخاب کریں گے اور اس کے کھاتے میں سالانہ ایک لاکھ روپے منتقل کریں گے۔انہوں نے بے روزگار نوجوانوں کیلئے کانگریس کے ایک سال کے انٹرنشپ پروگرام کے بارے میں بھی بتایا اور منریگا اسکیم کے تحت اجرت میں اضافہ کرنے، آنگن واڑی اور آشا ورکرس کی تنخواہ کو دوگنا کرنے، کسانوں کیلئے زرعی قرض معاف کرنے اور ایم ایس پی گارنٹی قانون سمیت کئی وعدے کئے۔خیال رہے کہ اوڈیشہ میں 13 مئی سے شروع ہونے والے چار مراحل میں بیک وقت اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات کرائے جائیں گے۔