نوی ممبئی میں نیا حج ہاؤس زیر تعمیر

   

نوی ممبئی ، 2 نومبر (یو این آئی) نوی ممبئی کے علاقے کھارگھر میں عازمین حج کی سہولت کے لئے ایک نیا حج ہاؤس تعمیر کیا جا رہا ہے ، جو وزارتِ اقلیتی امور کی جانب سے حج کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور حجاج کرام کو بہتر سہولیات مہیا کرنے کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے ۔ یہ منصوبہ اقلیتی برادری خصوصاً عازمینِ حج کیلئے ایک بڑی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے ۔وزارتِ اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے حج کمیٹی آف انڈیا اور سنٹرل پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ کھارگھر میں مجوزہ مقام کا دورہ کیا اور منصوبے کے لے آؤٹ و ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران منصوبے کے تکنیکی نکات اور تکمیل کے اوقات کار پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ساتھ ہی کنیکٹیویٹی، لاجسٹکس اور سہولیات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، تاکہ آنے والا حج ہاؤس حجاج کرام کی ضروریات کا مؤثر انداز میں احاطہ کر سکے ۔ اس سے قبل سکریٹری نے ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا، سنٹرل پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ اور مہاراشٹرا حکومت کے اعلٰی حکام کے ساتھ ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں حج 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، جس میں موجودہ حج ہاؤس ممبئی کی بہتری، ڈھانچہ جاتی آڈٹ اور انتظامات کو مزید موثر بنانے پر زور دیا گیا۔